23/11/2023
پُلوں کے مختلف ڈیزائن
تحریر: قدیر قریشی
نومبر 13، 2023
اس گرافک میں پلوں کے مختلف ڈیزائن دکھائے گئے ہیں اور یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ ان پر سب سے زیادہ وزن کس حصے کو برداشت کرنا پڑتا ہے (جو نیچے کی طرف رخ کیے تیر سے ظاہر کیا گیا ہے)، زمین اس وزن کا بوجھ کس مقام پر سہار رہی ہوتی ہے (جسے اوپر کی طرف رخ کیے تیر سے ظاہر کیا گیا ہے) اور پل کا ڈیزائن پل کے وزن کو زیادہ سٹریس کے مقام سے اس مقام تک کیسے منتقل کرتا ہے جہاں زمین اس وزن کو سہار رہی ہے-
پہلے ڈیزائن میں دو مقامات پر پل سب سے زیادہ وزن برداشت کر رہا ہے- اس مقام سے سٹریس کو لوہے کے گرڈرز کی مدد سے ان مقامات کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے جہاں پر پل کے گرڈرز زمین میں نصب ہیں - دریا کے بیچ میں پل کے گرڈرز زمین میں منسلک ہیں (ان مقامات کو کالم کہا جاتا ہے)- بڑے پلوں میں کئی کالم ہو سکتے ہیں- اس کے علاوہ دریا کے دونوں کناروں پر بھی پل کے گرڈرز زمین کے ساتھ منسلک ہیں- ایسے ڈیزائن کے پل کو Cantilever Bridge کہا جاتا ہے
دوسرے ڈیزائن میں دریا میں کوئی کالم نہیں ہے- لیکن دریا کے دونوں کناروں پر (یا کناروں کے پاس دریا کے پانی میں) بہت اونچے کالم نصب ہیں جو پل کا تمام کا تمام وزن سہارے ہوئے ہیں- اس صورت میں پل کا درمیانی حصہ معلق ہے جو آسانی سے ٹوٹ سکتا ہے- اسے سہارا دینے کے لیے دریا کے کناروں پر بنائے گئے کالمز کو بہت اونچا بنایا جاتا ہے اور ان کے درمیان انتہائی موٹے لوہے کے تار باندھے جاتے ہیں- پھر ان موٹے تاروں سے جگہ جگہ پل کے افقی سٹرکچر کو باندھا جاتا ہے- ان موٹے تاروں کو آپ ایک قوس کی شکل میں دیکھ سکتے ہیں- گویا تمام کا تمام پل لوہے کے ان موٹے تاروں سے لٹک رہا ہے اور یہ موٹا تار پول کے تمام وزن کو دریا کے کنارے نصب کالمز کے ذریعے زمین پر منتقل کر رہا ہے- اسی وجہ سے اسے Suspension Bridge یعنی لٹکتا ہوا پل کہا جاتا ہے
تیسرے ڈیزائن میں بھی دریا کے درمیان کوئی کالم نہیں ہے- دریا کے دونوں کناروں پر کالم کے بجائے بہت مضبوط بنیادیں بنائی جاتی ہیں جس پر ہولے کی ایک انتہائی مضبوط محراب بنائی جاتی ہے- پل کا وزن لوہے کے کالمز کے ذریعے اس محراب پر ڈالا جاتا ہے اور یہ محراب پل کے وزن کو دریا کے کناروں پر موجود محراب کی بنیادوں کے ذریعے زمین پر منتقل کرتی ہے- ایسے پل کو Arch Bridge کہا جاتا ہے
چوتھے ڈیزائن میں دریا کے کناروں پر یا کناروں کے پاس دریا کے پانی میں دو انتہائی مضبوط اور اونچے کالم بنائے جاتے ہیں- ان کالمز سے پل کے مختلف حصوں کو لوہے کی تاروں کے ساتھ باندھا جاتا ہے- اس طرح یہ تاریں پل کے وزن کو دونوں کالمز پر منتقل کرتی ہیں اور کالم اس وزن کو زمین پر منتقل کرتے ہیں- ایسے پل کو Cable-Stayed Bridge کہا جاتا ہے- اس قسم کے پل اور سسپنشن برج میں فرق یہ ہے کہ سسپنشن برج میں ایک افقی کیبل (جو پل کے وزن کی وجہ سے قوس کی شکل میں لٹکی ہوتی ہے) پل کا سارا وزن سہارتی ہے جبکہ کیبل سٹیڈ برج کے ڈیزائن میں کوئی افقی کیبل نہیں ہوتے بلکہ پل کے مختلف حصوں کو براہ راست کالمز کے ساتھ تاروں کے ذریعے منسلک کیا ہوتا ہے